انقلاب اور آزادی مارچ کیخلاف جمعیت علمائے اسلام کے مظاہرے

عمران خان اور طاہر القادی کے دھرنوں کیخلاف جمعیت علمائے اسلام (ف) نے ملک کے مختلف شہروں میں ریلیاں نکالیں اور مظاہرے کئے۔ اسلام آباد میں اہلسنت والجماعت کی جانب سے استحکام پاکستان ریلی نکالی گئی۔

کراچی: (دنیا نیوز) دھرنوں کیخلاف جے یو آئی نے مظاہروں کی کال دے رکھی تھی جس کے تحت ملک کے مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں اور مظاہرے کئے گئے۔ مظاہروں میں عمران خان اور طاہر القادری کیخلاف شدید نعرہ بازی کی گئی۔ کراچی میں جے یو آئی کے کارکن نیو ٹاؤن میں جمع ہوئے جہاں سے وہ ریلی کی صورت میں پریس کلب پہنچے۔ جے یو آئی کے قاری عثمان کا کہنا تھا کہ مارچ اور دھرنے کے پیچھے بیرونی سازش ہے۔ لاہور میں جے یو آئی کے کارکنوں نے پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا۔ اس موقع پر تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے خلاف شدید نعرہ بازی کی گئی۔ پشاور میں نمک منڈی سے شروع ہونے والی ریلی کی قیادت مولانا گل نصیب نے کی۔ مظاہرین سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ مارچ کی آڑ میں فحاشی پھیلائی جا رہی ہے جس کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ فیصل آباد میں ریلی ہلال احمر سے ضلع کونسل چوک تک پہنچی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ عمران خان اور طاہر القادری ملک میں سیاسی انتشار پیدا کر رہے ہیں۔ مالاکنڈ، جیکب آباد اور بہاولپور میں بھی جے یو آئی کے مقامی کارکنوں نے ریلیاں نکالیں۔ دوسری جانب اسلام آباد میں اہلسنت والجماعت کی جانب سے استحکام پاکستان ریلی نکالی گئی جس کی قیادت مولانا احمد لدھیانوی نے کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ دھرنوں سے ملک عدم استحکام کا شکار ہو رہا ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں